پی ایس پی ہر پاکستانی کے ساتھ کھڑی ہےایم کیو ایم کے کارکنان خود کو لاوارث نہ سمجھیں :مصطفی کمال


  • day
  • 2016-08-24
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )پاک سر زمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال نے کہا ہے ،جو بھی پاکستانی ہے ،پاک سر زمین پارٹی اس کو تنہا نہیں چھوڑے گی نیز ایم کیو ایم کے کارکنان خود کو لا وارث نہ سمجھیں ۔ان کا کہنا ہے کہ سندھ اور وفاقی حکومت ایم کیو ایم کے کارکنوں کو لا وارث سمجھ کر سلوک نہ کریں ،اگر ایسا کیا تو پھر لوگ سڑکوں پر آئیں گے ۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے 85فیصد لوگوں نے ایم کیو ایم کو ووٹ دیا ،اب متحدہ کے قائد کی تقاریر کے بعد جو صورتحال پیدا ہوگئی ہے ،صوبائی حکومت اس صورتحال سے یہ تاثر ہر گز نہ لے کہ ایم کیو ایم کے لوگ لا وارث ہو گئے ہیں اور نہ ہی انہیں لا وارث سمجھ کر اپنی پالیساں تشکیل دے ۔انہوں نے کہا کہ متحدہ کا قائد با ل بال جرم میں ڈوبا ہوا ہے اور گزشتہ آٹھ سالوں سے کراچی کو تباہ کردیا گیا ۔ان کا کہنا تھا کہ کل الطاف حسین نے خود ہی تقریر کر کے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے تعلقات کا ثبوت دے دیا۔مصطفی کمال نے کہا کہ جو لوگ شروع سے ایم کیو ایم کو ووٹ دیتے آرہے ہیں ،ان تک آگہی نہیں پہنچی ،ایسے لوگوں کے ساتھ کسی قسم کا برا سلوک نہیں ہونا چاہیے لیکن جو لوگ کراچی کا امن تباہ کر رہے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت یہ گمان نہ کرے کہ کراچی کا مینڈیٹ جن لوگوں کے پاس تھا وہ را کے ایجنٹ بن گئے ،اب صوبائی حکومت آزاد ہے ،سندھ حکومت کو بتا نا چاہتا ہوں کہ اگر لوگوں کو بجلی ،پانی ،تعلیم اور سیکیورٹی نہ ملی تو لوگ سڑکوں پر آجائیں گے ۔انہوں نے صوبائی حکومت کو خبردار کیا کہ اگر کوئی اس گمان میں ہے کہ اب سب کچھ فتح ہو گیا تو وہ اپنی ذہنی حالت درست کر لیں ۔ فاروق ستار کی پریس کانفرنس پربات کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ مجھے اس پریس کانفرنس کی کچھ سمجھ نہیں آئی ،فاروق ستار کو معصور کہتا تھا ،آج انہوں نے ثابت کردیا نے ان سے بڑا معصوم کوئی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی کے بارے میں یہ کہہ دینا کہ دماغی حالت درست نہیں یا ان کی طبعیت صحیح نہیں رہتی اس لیے ایسے بیانات دیتے ہیں ،یہ درست نہیں ۔مصطفی کمال نے استفسار کیا کہ یہ کیسی بیماری ہے جس کی وجہ سے پاکستان مخالف نعرے لگتے ہیں اور اس بیماری میں مبتلا شخص کیسے دشمن ملک کی ایجنسی سے مل جاتا ہے ،؟ایسے بیانات دینے سے پہلے لوگوں کو خدا کا خوف کرنا چاہیے ،فاروق ستار ان سارے معاملات کو صرف ایک بیماری کی آڑ نہیں دے سکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے ،آگے آگے دیکھیں کیا ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کل ہی کہہ دیا تھا کہ الطاف حسین کی جانب سے معافی نامہ آئے گا ،الطاف حسین کے ہیپی آور جب ختم ہوئے تو انہوں نے فوراً معافی مانگ لی ۔