جنونی بھارت کا تریاق سکھ قوم ، پاکستان مدد کرے تو خالصتان بنا لیں گے: ڈاکٹر امرجیت سنگھ


  • ہفتہ
  • 2016-09-24
خالصتان تحریک کے سرگرم رہنما ڈاکٹر امرجیت سنگھ نے اڑی حملے کو مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی بھارتی سازش قرار دے دیا۔ انہوں نے کہاکہپاکستان اگر ہماری سفارتی مدد کرے تو دنیا بھر کے گوردوارے سفارتخانوں کا کام کرسکتے ہیں اور پاکستان کی مدد سے ہم بہت جلد خالصتان تحریک کو کامیاب کرسکتے ہیں۔ پنجاب میں بھارتی حکومت کے خلاف جد و جہد کرنے والوں کے رشتہ داروں تک کو ماردیا گیا اور اب کشمیر میں بھی یہی کچھ دہرانے کی تیاری ہورہی ہے۔ نیو یارک میں روزنامہ پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر امرجیت سنگھ نے اڑی حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے بھارتی الزامات کو مکمل طور پر مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کشمیر پر پوری دنیا کی نظریں لگی ہوئی ہیں اور جنرل اسمبلی میں یہ مسئلہ سب سے آگے ہے تو آئی ایس آئی ایسا حملہ کیوں کرے گی کہ سب لوگوں کی توجہ کشمیر سے ہٹ کر انڈیا میں ہونے والے حملے پر چلی جائے، یہ حملہ مسئلہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے انڈیا نے خود کرایا ہے۔